وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ افغانستان کے حالات کی وجہ سے سی پیک اور اہم ہوگیا ہے۔
’سی پیک کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں‘
انہوں نے کہا کہ مزید 192 کیمرے اسلام آباد میں لگانے جارہے ہیں، کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان سی پیک پر آگے بڑھے ، سی پیک کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، کچھ لوگ چین اور پاکستان کی دوستی اور ترقی کے راستے میں آنا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بعض دستانے پہنے ہاتھ نہیں چاہتے پاکستان آگے جائے، افغانستان کے حالات کی وجہ سے سی پیک اور اہم ہوگیا ہے، عمران خان کی حکومت کا عزم ہے کہ سی پیک کو آگے لے کر جائیں گے۔
’افغان سرزمین کالعدم ٹی ٹی پی استعمال نہیں کرےگی‘
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغان سرزمین کالعدم ٹی ٹی پی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے۔
اسلام آباد میں وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین سے متعلق کوئی دباؤ نہیں، افغانستان سے آمد پر ڈپلومیٹس اور دیگرکو ایک ماہ کا ویزا دے رہے ہیں۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 853 افراد طورخم کے راستے پاکستان داخل ہوئے، ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں امن ہو، دنیا کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔
’افغان مہاجرین سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا‘
شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کی توجہ کا مرکز اس وقت کابل ایئرپورٹ بنا ہوا ہے ، یہ ہماری ذمہ داری نہیں کہ وہاں لوگوں کو جمع کرکے کابل ایئرپورٹ بھی لائیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا، اس وقت تک افغان مہاجرین سے متعلق کوئی دباؤ نہیں، چمن اور طورخم بارڈر تجارت کیلئے کھلا ہے، بعض ممالک نے جہاز کھڑے کرنے کے لیے اجازت مانگی ہے۔
’مریم نواز نے ہم سے کوئی اجازت ہی نہیں مانگی‘
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ہم سے کوئی اجازت ہی نہیں مانگی ، مریم نواز اجازت مانگتیں تو اس معاملے کو کابینہ میں ضرور رکھتا ، شہباز شریف کی درخواست کا وقت گزر چکا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی سیاست شاید افغانستان کی وجہ سے اچھی ہوجائے ، اپوزیشن ٹھس ہے تین سال سے یہ جلسے کررہے ہیں کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔