شادی کے ہزار کاموں میں بہت سی باتیں یاد نہیں رہتیں جس کی وجہ سے اکثر رشتہ داروں میں لڑائیاں بھی ہوجاتی ہیں لیکن بھارت میں صرف ایک غلط گانا چلانے پر خود دلہن ہی ناراض ہوکر بیٹھ گئی۔
یوں تو سوشل میڈیا پر ہر گزرتے دن کے ساتھ مختلف اور دلچسپ ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں جنہیں دیکھ کر صارفین خوب لطف اندوز ہوتے ہیں اور ساتھ ہی وہ ویڈیوز خبروں کی زینت بھی بن جاتی ہیں۔
اب گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دُلہن کی سہیلیوں کے ہمراہ شادی ہال میں انٹری ہورہی ہے لیکن اچانک دُلہن شادی ہال میں داخل ہونے سے انکار کردیتی ہے۔
ویڈیو کے مطابق، دُلہن نے اپنے اہلخانہ اور دوستوں کو پہلے ہی بتایا ہوتا ہے کہ جب وہ شادی ہال میں داخل ہوں گی تو کونسا گانا چلانا ہے لیکن بدقسمتی سے وہاں دوسرا گانا چل جاتا ہے۔
دُلہن جیسے ہی گانا سُنتی ہے تو وہ غصے سے آگ بگولا ہوجاتی ہے اور اہلخانہ سے کہتی ہے کہ جب تک درست گانا نہیں لگے گا تب تک وہ شادی ہال میں داخل نہیں ہو گی۔
اُس کے بعد دُلہن کے اہلخانہ اور سہیلیاں اُنہیں سمجھانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن وہ کسی کی نہیں سُنتی اور کہتی ہے کہ جب اُنہوں نے پہلے ہی بتایا تھا کہ یہ گانا انٹری پر چلے گا تو غلط گانا کیوں چلایا۔
دیکھتے ہی دیکھتے بھارتی دُلہن کی یہ ویڈیو پاکستان سمیت کئی ممالک کے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی ہے جسے صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔