لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ہرگز قربانی کا بکرا نہیں بنا بلکہ افغانستان سے فوجی انخلا میں تاریخی کردار ادا کیا ہے ، افغانستان سے تمام پاکستانیوں کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ افغانستان سے کسی مہاجر کو فی الحال قبول نہیں کیا جارہا البتہ غیر ملکیوں خصوصا ًسفارتکاروں کو 21روزہ ٹرانزٹ ویزہ دے کر پاکستان آنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے‘ نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے ۔ وہ جمعہ کو نادرا میگا سنٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بذریعہ ہوائی جہاز آنے والوں کے لئے اسلام آباد کے دونوں ائیرپورٹ کھلے ہیں‘چمن اور طورخم بارڈر بھی پیدل کراسنگ کے لئے کھلے ہیں، اب تک پندرہ سو افراد ہوائی جہاز کے ذریعے جبکہ چودہ سو اسی افراد پیدل بارڈر کراس کر کے آ چکے ہیں جبکہ پاکستان سے افغانستان جانے والوں کی تعداد بارہ سو ہے۔انڈیا کو افغانستان میں منہ کی کھانای پڑی ‘سفارتی سطح پر اب ہندوستان کی حالت کھسیانی بلی کھمبا نوچے والی ہو چکی۔پاکستان مستحکم اور خطے میں مزید اہمیت اختیار کرنے والا ہے جبکہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش اور اپوزیشن بکھر چکی ہے، اپوزیشن کوچاہئے کہ ذاتیات سے اوپر اٹھ کر قومی فرائض ادا کرنے کی طرف توجہ دے اور حکومت کے ساتھ تعاون کرکے ملک کو مضبوط بنائے۔ نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے اور اگر آنا چاہے تو چوبیس گھنٹوں میں ٹریول ڈاکومنٹ فراہم کئے جا سکتے ہیں۔ شہباز شریف اب بھی میری پارٹی کا آدمی ہے‘اب مولانا فضل الرحمن کو بھی چاہیے کہ ذاتی مفادات کی سیاست چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہوں ۔آئندہ دو برسوں میں مزید کیسوں کے فیصلے آئیں گے اور کرپٹ لوگ جیلوں میں جائیں گے۔