اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)سینیٹ قائمہ کمیٹی امور خارجہ کا ان کیمرہ اجلاس شیری رحمٰن کی زیر صدارت گزشتہ روز ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی صورتحال اپنے غیر ملکی دوروں اور خطے کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی انخلاء اور قیام امن کی کوششوں کی معترف ہے۔ عالمی برادری کو افغان طالبان کو انگیج رکھنا چاہیے۔ بعد ازاں وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کمیٹی اجلاس میں افغانستان کی اب تک کی صورتحال پر ارکان کو اعتماد میں لیا، پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں نے پاکستان کے کردار کو سراہا۔شیری رحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات ہیں اور پاکستان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، ہمارامطالبہ ہے کہ افغانستان کے معاملے پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، مہاجرین اور دیگر معاملات پر گفت و شنید ہونی چاہئے، افغانستان میں انسانی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔