ممبئی (آئی این پی) بھارتی ٹی وی کے معروف اداکار سدھارتھ شکلا دل کے دورے کے باعث چل بسے۔بھارتی ٹی وی کا جانا پہچانا چہرہ اور بگ باس 13کے فاتح سدھارتھ شکلا دل کے دورے کے باعث چل بسے ان کی عمر صرف 40 برس تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں کوپر اسپتال کی انتظامیہ نے اداکار سدھارتھ کی موت کی خبر کی تصدیق ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق سدھارتھ شکلا نے سونے سے قبل کچھ دوائیں کھائی تھیں اور اس کے بعد وہ جاگے ہی نہیں۔ بعد ازاں اسپتال نے تصدیق کی کہ سدھارتھ شکلا کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اداکار کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔ جس کے بعد ان کی لاش گھر والوں کے حوالے کردی جائے گی۔سدھارتھ شکلا کی والدہ نے بیٹے کی موت پر اپنا بیان درج کرایا ہے ۔سدھارتھ کی والدہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ رات تک سدھارتھ پوری طرح سے ٹھیک تھا ، رات کو کھانے کے بعد سونے چلا گیا ، لیکن صبح وہ سوکر نہیں اٹھا ۔اداکار کی فیملی نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ سدھارتھ کسی بھی طرح کے ذہنی دباو میں نہیں تھے ۔بگ باس کے ہوسٹ اور بولی وڈ کے بھائی جان سلمان خان بھی سدھارتھ شکلا کے اتنی جلدی چلے جانے پر حیران ہیں۔سلمان خان نے ایک ٹوئٹ میں سدھارتھ شکلاکے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ بہت جلدی چلا گیا سدھارتھ،تم یاد آو گے۔ فیملی سے اظہار ہمدردی‘۔ خدا ان کی روح کو سکون دے‘۔سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کی خبر ان کے مداحوں پر بجلی بن کر گری ہے اور ان کے چاہنے والوں سمیت بھارتی فلم انڈسٹری کے فنکار بھی صدمے میں ہیں۔پولیس کے مطابق، اس پورے معاملے میں کوئی فاول پلے سامنے نہیں آیا ہے۔