سکھر(بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی روزگار دلواتی ہے، میاں صاحب اور خان صاحب کے دور میں عوام کو روزگار سے محروم کیا گیا ہے، امیر آدمی کے بجائے عام آدمی کو فوائد پہنچائے جائیں تو معیشت کو فائدہ ہوتا ہے، پیپلزپارٹی نکلی ہے اس ملک کو بچانے کیلئے پاکستان کو بچانے کیلئے آپ سب کو ملکر متحد ہو کر میرا ساتھ دینا ہوگا ہم اس نالائق سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیج دینگے ، ہم چاہتے ہیں وفاقی سطح پر اور صوبوں میں ایسی حکومت ہو جو عوامی حکومت ہو عوام کو ریلیف پہنچائے، امیروں کو ریلیف نا پہنچائے عوام کو ریلیف پہنچے اور امیروں کو تکلیف پہنچ رہی ہے تو پہنچے، خان صاحب اور میاں صاحب نے ہمیشہ بوجھ غریب آدمی پر ڈالا ہے اور ریلیف امیر آدمی کو پہنچایا ہے، پیپلزپارٹی جب اقتدار میں آتی ہے تو تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ میاں صاحب اور خان صاحب کے دور میں ایسا نہیں ہوتا۔ وہ اباڑو میں سینیٹر جام مہتاب ڈھر کی رہائش گاہ پر پارٹی عہدیداران کارکنوں علاقے کے معززین سے خطاب کررہے تھے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا اس حکومت نے آپکی جیب پر ڈاکہ مارا ہے آپکے پانی اور گیس پر ڈاکہ مارا ہے آپکے حق روزگار پر ڈاکہ مارا ہے اور یہ سارے ایشو ہیں عوام کو ریلیف پیپلزپارٹی کی حکومت میں ملا ہے۔