صدارتی تمغۂ امتیاز واپس کرنے والے ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران شہید ہونے والے طبی عملے کی یاد میں میموریل کراچی میں بنایا جائے گا۔
ایک بیان میں ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا ہے کہ میموریل پر تمام شہید ہونے والے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے افراد کے نام کندہ کیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طبی عملے کے شہداء کے لیے میموریل کراچی کے کسی مشہور مقام پر بنایا جائے گا، میموریل بنانے کے لیے جگہ کی فراہمی کے لیے کے ایم سی نے وعدہ کیا ہے۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران شہید ہونے والے طبی عملے کے اہلِ خانہ کے لے فنڈ بھی قائم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے شہید طبی عملے کی فیملیز کے لیے پورے پاکستان اور بیرونِ ملک سے ڈاکٹرز فنڈز دیں گے۔
صدارتی تمغۂ امتیاز واپس کرنے والے ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہید طبی عملے کو خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈاکیومینٹری بھی بنا رہے ہیں۔