وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں 3 وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور خیبر پختون خوا کے محمود خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، فہمیدہ مرزا، اسد عمر اور شوکت ترین سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر پاور ڈویژن نے "انڈیکیٹیو جنریشن کیپیسیٹی ایکسپینشن" پلان پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاور ڈویژن نے تمام صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ کئی مشاورتی اجلاس کیے۔
دوران خطاب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بل ادا کرنے والے بجلی صارفین کو کم ریکوری گرڈ میں لوڈ مینجمنٹ سے بچایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد توانائی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے مؤثر نظام میں اصلاح کرنا ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ تقسیم کار کمپنیوں کی سطح پر ٹیکنالوجی پر مبنی حل استعمال کیا جائے، آئی جی سیپ کا بنیادی مقصد توانائی کے شعبے میں مستقبل کا جامع لائحہ عمل بنانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے طریقہ کار میں اصلاحات لا رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل نے مجوزہ آئی جی سیپ تخمینوں اور پن بجلی کو قابل تجدید توانائی کے اہداف میں شامل کرنے کے منظوری دی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ’وہیلنگ‘ پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کا نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔