سرینگر(این این آئی) مقبوضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کی زیر حراست وفات کے بعد جدوجہد آزادی کشمیر کی قیادت کیلئے غیر قانونی طورپر نظربندمسرت عالم بٹ کو حریت کانفرنس کانیا چیئرمین مقرر کیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی دوران حراست وفات کے خلاف ایک اور احتجاجی کیلنڈر جاری کیا ہے۔ کیلنڈر کے مطابق حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے کل تحصیل ہیڈ کوارٹروں کی طرف مارچ اور پر امن احتجاجی مظاہرے کرنے اورکشمیری شہداء کی مغفرت کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نظربندمسرت عالم بٹ کو حریت کانفرنس کانیا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ فیصلہ سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں تمام اکائیوں کے ایک غیر معمولی اجلاس میں کیاگیا ۔ شبیر احمد شاہ اور غلام احمد گلزار کو وائس چیئرمین مقرر کیاگیا ہے جبکہ مولوی بشیر احمد عرفانی بدستور جنرل سیکریٹری کے طورپر خدمات سرانجام دیں گے ۔