نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نئی جدید ویب سائٹ متعارف کرادی۔
ترجمان نادرا کے مطابق شناختی کارڈ، نائیکوپ، پی او سی، ایف آر سی سمیت تمام خدمات ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوں گی۔
ترجمان کے مطابق رجسٹریشن ڈیٹا اور اعداد و شمار NGRIDS سسٹم پر نقشوں کی صورت میں موجود ہیں، ضلعی سطح پر مردم شماری اور رجسٹریشن کا تقابلی جائزہ بھی فراہم کردیا گیا۔
ترجمان نادرا کے مطابق تحقیقی سرگرمیوں اور منصوبہ بندی میں رہنمائی کے لیے میپ گیلری متعارف کرائی گئی ہے جبکہ قومی و صوبائی سطح کے اعداد و شمار اور رجحانات بھی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق ویب سائٹ پر پیدائش، وفات، شادی و طلاق کی رجسٹریشن کا مربوط نظام نمایاں ہوگا جبکہ بینکاری، ٹیلی کام اور حکومتی اداروں کےلیے تصدیقی خدمات یکجا ہیں۔
نادرا ترجمان کے مطابق شکایات کے اندراج اور ازالے کا نظام بہتر انداز میں فعال کردیا گیا، ملک بھر، بیرون ملک نادرا نیٹ ورک کی مکمل معلومات اور رہنمائی دستیاب ہوگی۔
ترجمان کے مطابق رجسٹریشن مراکز اور موبائل رجسٹریشن وین کی معلومات ایک جگہ دستیاب ہیں، رائٹ ٹو انفارمیشن اور میڈیا سینٹر کے سیکشن جدید خطوط پر استوار کیے گئے ہیں۔