• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن، نیول چیف

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمّہ داریوں کے ساتھ خطے میں ایک باصلاحیت اور متحرک بحری فورس بن کر اُبھری ہے۔ 8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے جو کہ 1965کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یوم بحریہ پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے شہداء اور غازیوں کے دلیرانہ کارناموں اور غیر معمولی بہادری کی یاد دلاتا ہے جو اللہ پر کامل بھروسے کے ذریعے جوان مردی سے لڑے۔ یہ دن ہماری بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر رقم ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر و ترغیب ہے۔ 7اور 8 ستمبر1965 کی شب پاک بحریہ کے سات جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے ʼʼ آپریشن سومناتʼʼ کے دوران بھارت کی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔ اس مستعد اورزیرک آپریشن نے اہم ساحلی تنصیبات بشمول بھارتی ریڈار اسٹیشن اور ریڈیو بیکن کو تباہ کیا جو کہ کراچی پر حملہ کے لیے بھارتی فضائیہ کے جہازوں کو رہنمائی فراہم کر رہا تھا۔

تازہ ترین