اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرتے ہوئے کشمیری عوام کا جینا محال کر دیا ہے‘ہندوستان کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیاہے ‘تمام حقائق دنیا تک پہنچائیں گے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاکہ بھارت، اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے مگر اس کی سرزنش نہیں کی جا رہی۔
یورپی ممالک دوہرے معیار پر عمل پیرا ہیں جبکہ مشیرقومی سلامتی معید یوسف نے کہاہے کہ بھارت کی پالیسیاں نہ صرف خطے کیلئے بلکہ دنیا کے لئے خطرے کا موجب ہو سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی قابض فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر جنگی جرائم‘کشمیریوں کی نسل کشی ‘ کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال ‘جبری گمشدگیوں ‘ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،داعش کے پانچ تربیتی کیمپس‘جعلی مقابلوں،جعلی فلیگ آپریشنز اور خواتین کی بیحرمتی کے حوالے سے ثبوتوں پر مشتمل جامع ڈوزیئر جاری کر دیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کوشیریں مزاری اورمعید یوسف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں 131صفحات پر مشتمل ڈوزیئر کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ڈوزیئرکے ذریعے پوری معلومات اور اصل حقائق تمام دنیا تک پہنچائیں گے،ہم نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت سرکار کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرتے ہوئے کشمیری عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔بھارتی فوجی محاصرے کو 769دن گزر چکے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کورات کی تاریکی میں دفن کیا گیا۔انہیں تدفین کے بنیادی حق سے بھی محروم کیا گیا‘اس لیے ہم نے آج یہ ڈوزیئر سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 131 صفحوں پر مشتمل اس ڈوزیر کے تین باب ہیں۔پہلے باب میں جنگی جرائم،دوسرے میں فالس فلیگ آپریشنز جبکہ تیسرے باب میں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کا ذکر ہے۔
اس میں 113حوالے موجود ہیں جن میں 26بین الاقوامی میڈیا سے اور 41 حوالے بھارت کے تھنک ٹینکس سے لیے گئے جبکہ پاکستان کے صرف 14حوالے ہیں،یہ انتہائی بااعتماد دستاویز بنایا گیا ہے،3232کیسز جنگی جرائم سے متعلق ہیں۔
1128ان افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں بھارتی میجرجنرل، بریگیڈیئر و دیگر سینئر افسران کا تذکرہ ہے جو انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہ راست ملوث رہے ہیں‘اس ڈوزیئر میں خواتین کی بے حرمتی کا تذکرہ ہے،ایک لاکھ سے زائد ایسی املاک کا ذکر ہے جنہیں جلایا گیا۔
اس کے علاوہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فیک آپریشنز کا تذکرہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی ممالک، انسانی حقوق کا علمبردار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بے گناہ کشمیریوں پر مظالم پر خاموش ہیں۔
فاشسٹ پالیسیاں خطے کو شدید خطرات سے دو چار کر رہی ہیں ہمیں اس حوالے سے عالمی ضمیر کو جگانا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
اس موقع پر شیریں مزاری نے کہا کہ بھارت، اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے مگر اس کی سرزنش نہیں کی جا رہی۔
یورپی ممالک دوہرے معیار پر عمل پیرا ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں یورپی یونین کی جانب سے 5 اگست کے بھارتی اقدامات پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ہم عالمی عدالت انصاف سے جنگی جرائم کے حوالے سے رائے لیکر عالمی سطح پر بھارت کی انسانی حقوق سے متعلقہ پامالیوں کو مزید اٹھائیں گے۔
شیریں مزاری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ریپ کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا۔ہندوستان کو اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سونپی گئی جب وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے تھے۔
معید یوسف نے کہا کہ آج صورتحال تبدیل ہو چکی ہے،آج کوئی ہندوستان کے جرائم پر پردہ ڈالنے والا نہیں ہے۔ بھارت کی پالیسیاں نہ صرف خطے کیلئے بلکہ دنیا کے لئے خطرے کا موجب ہو سکتی ہیں۔
معید یوسف نے کہا کہ ہم نے نومبر 2020میں جو ڈوز یئر دیا کسی نے اس میں دی گئی انفارمیشن اور بھارتی پراپیگنڈہ کے دستاویزی ثبوتوں کو چیلنج نہیں کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ڈوزیئر میں شامل معلومات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے 6اضلاع کے 89گاؤں میں 8ہزار 652 اجتماعی قبریں دریافت ہوئیں جس میں سے 154ق بروں میں 2، 2افراد جبکہ 23قبروں میں 17سے زائد افراد کی لاشیں تھیں۔بھارت عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 5کیمپ چلا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی افواج نے 239ٹارگٹ سیل قائم کر رکھے ہیں، 2014کے بعد 30ہزار افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، مقبوضہ کشمیر میں 231افراد کو بجلی کا کرنٹ لگایا گیا، بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کیمیکل ہتھیار استعمال کیا گیا۔