• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں اور اودے 5 سال تک قریبی تعلقات میں تھے: نرگس فخری کا انکشاف

امریکی نژاد بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے اداکار و پروڈیوسر اودے چوپڑے کے ساتھ اپنے تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے اور اودے کے درمیان ماضی میں 5 سال تک قریبی تعلقات قائم رہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نرگس فخری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے بھارت میں اودے جیسا خوبصورت انسان کوئی نہیں ملا۔‘

نرگس فخری نے کہا کہ ’میں نے کبھی میڈیا کے سامنے اپنے اور اودے کے تعلقات کا اعتراف نہیں کیا کیونکہ لوگوں نے مجھے خاموش رہنے کا مشورہ دیا تھا۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے افسوس ہے کہ میں خاموش رہی، مجھے تو پہاڑ کی چوٹی پر کھڑے ہوکر چیخ کر سب کو بتانا چاہیے تھا کہ میں کتنے خوبصورت انسان کے ساتھ تعلقات میں ہوں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا بہت جعلی ہے اور وہاں کے لوگ نہیں جان پائیں گے کہ حقیقت کیا ہے۔‘

خیال رہے کہ سال 2014ء میں نرگس فخری اور اودے چوپڑا کے قریبی تعلقات کی خبریں منظرِ عام پر آئی تھیں تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے ان خبروں کی تردید کردی گئی تھی اور پھر طویل عرصے کے تعلقات کے بعد دونوں نے خاموشی سے ایک دوسرے سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

سال 2016ء میں نرگس فخری بھارت اور بالی ووڈ چھوڑ کر امریکا منتقل ہوگئیں اور اُنہوں نے اس کی وجہ سے اودے چوپڑا اور اپنی ناکام محبت کو ٹھہرایا، نرگس فخری سال 2016ء سے اب تک امریکا میں ہی مقیم ہیں۔

نرگس فخری نے فلم ’راک اسٹار‘ سے بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا جو کہ سال 2011ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس فلم میں نرگس فخری نے اداکار رنبیر کپور کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید