• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت دفاع نے کنٹونمنٹ الیکشن کا ڈیٹا فراہم کیا: چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں کے کنٹونمنٹ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق وزارتِ دفاع نے سارا ڈیٹا فراہم کیا۔

یہ بات چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہونے والی سماعت کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کریں، یہ قانونی ذمے داری ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے دورانِ سماعت بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترمیم کر چکے، کابینہ سے منظوری لینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کو کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے آرڈیننس جاری کریں، بلوچستان میں نئے حلقے بننے ہیں، 3 ہفتے کی مہلت دی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ قانون اور آئین گنجائش نہیں دیتا کہ ہم بلدیاتی انتخابات مؤخر کریں، ہم عام آدمی کو مقامی حکومت سے محروم نہیں کر سکتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق 4 ہفتے بعد سماعت کریں گے، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپنا آرڈر جاری کرے گا اور اس حوالے سے تاخیر نہیں کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین