وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آج میڈیا کا سامنا کرنے سے گریز کیا ہے۔
فواد چوہدری نے کل میڈیا پر پارلیمنٹ کی پریس گیلری کے دروازے بند کرنے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے اپنی اس بات کے اگلے ہی دن میڈیا کا سامنا کرنے سے گریز کیا۔
وفاقی وزیر نے کابینہ اجلاس کی کارروائی پر باضابطہ پریس کانفرنس نہیں کی بلکہ روایات سے برخلاف ریکارڈ شدہ ویڈیو بیان جاری کردیا۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چوتھے پارلیمانی سال کے آغاز کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔
اس اجلاس کی کارروائی سے قبل ہی میڈیا پر پارلیمانی پریس گیلری کے دروازے بند کردیے گئے تھے، جس پر صحافیوں نے احتجاج کیا تھا۔
صدر مملکت نے دوران خطاب جب میڈیا کے لیے تعریفی کلمات کہے اور پریس گیلری کی طرف نظر ڈالی تو اسے خالی پایا۔