چین نے امریکا کی جانب سے نئی تجارتی محصولات عائد کرنے کی تجاویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محصولات اور تجارتی جنگیں کسی کے مفاد میں نہیں، متعلقہ معاملات بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ نام نہاد اضافی پیداواری صلاحیت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔
ترجمان چینی وزارتِ تجارت نے امریکی سیکشن 301 کے تحت تحقیقات کو یک طرفہ اقدام قرار دیتے ہوئے ان کی سخت مخالفت کی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا اپنی غلط پالیسیوں اور اقدامات کی اصلاح کرے اور تجارتی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
چینی وزارتِ تجارت کے مطابق امریکا کی جانب سے عائد کیے جانے والی نئی محصولات کی صورتِحال کا باغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور چین نے جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ چین اور امریکا کی تجارتی ٹیمیں مسلسل رابطے میں ہیں، محصولات میں باہمی کمی کے انتظامات پر جلد عمل درآمد سے دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔
چین نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا اپنے داخلی مراحل تیز کرتے ہوئے محصولات میں کمی کے معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے گا۔