• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانی حقوق وعدوں کی تکمیل پر طالبان حکومت تسلیم کرلینگے، پاکستانی سفیر

واشنگٹن (مانیٹرنگ نیوز) امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا اور پاکستان بھی انہیں تسلیم کرنے سے قبل عالمی برادری سے انسانی حقوق کے سلسلے میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے افغانستان کی نئی حکومت کی صلاحیت کا جائزہ لے رہا ہے، افغانستان میں سیکورٹی صورتحال کنٹرول میں ہے اور انتقامی کارروائیاں بھی نہیں ہوئیں۔امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ طالبان اب ان وعدوں کی پاسداری کرتے ہیں یا نہیں، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ماضی سے سبق سیکھا جائے، ہمارا تسلسل کے ساتھ یہ موقف رہا ہے کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں بلکہ اس ضمن میں سیاسی بات چیت درکار ہے،ہم نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلا سے امن عمل میں پیش رفت ہوگی اور اسی وجہ سے پاکستان نے بین الافغان مذاکرات کی حمایت کی اور اس حوالے سے اہم پیش رفت بھی ہوئی، افغانستان میں سیکورٹی صورتحال کنٹرول میں ہے، طالبان نے معافی کا اعلان کیا ہے اور کسی طرح کی انتقامی کارروائیوں میں ملوث نہیں ہوئے اور خدشات کے برعکس مزید افغان مہاجرین پاکستان نہیں آئے، عالمی برادری کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ طالبان کے ساتھ رابطے میں رہا جائے یا نہیں مگر اس کا مطلب انہیں لازماً تسلیم کرنا نہیں۔

تازہ ترین