• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ، نیب تحقیقات اور طریقہ کار قواعد و ضوابط بنانے سے متعلق درخواست پر وزارت قانون سے جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے نیب تحقیقات، طریقہ کار کے قوائد و ضوابط بنانے سے متعلق درخواست پر نیب کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وزارت قانون سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے بتایا جائے کہ نیب رولز کب تک نوٹیفائی ہوجائینگے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل بینچ کے روبرو نیب تحقیقات، طریقہ کار کے قوائد و ضوابط بنانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ نیب نے رولز بنانے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردیئے۔ درخواست گزار نے موقف دیا کہ نیب نے گزشتہ سماعت پر رولز تیار کرکے صدر پاکستان کو ارسال کرنے کا بتایا تھا۔ پٹیشنر آصف عباسی نے اعتراض کرتے ہوئے موقف دیا لیکن آج پھر وزارت قانون کو بھیجا گیا ڈرافٹ پیش کردیا۔ نیب عدالت کو گمراہ کررہا ہے اور غلط بیانی کا مرتکب ہوا ہے۔ پراسیکیوٹر نے نیب نے موقف دیا کہ ڈرافٹ ایوان صدر بھیجا تھا ایوان صدر نے مختلف وزارتوں سے رائے طلب کی تھی۔ وزارت قانون اور وزارت داخلہ نے کچھ تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ نیب رولز دوبارہ ڈرافٹ کرکے وزارت قانون اور داخلہ کو بھیجوا دئیے ہیں۔ وزارت قانون و انصاف اور وزارت داخلہ سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ عدالت نے نیب کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وزارت قانون سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین