پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ معروف اداکار عمر شریف بہت علیل ہیں، ان کا نجی اسپتال میں علاج جاری ہے، عمر شریف نے وزیراعظم سے کئی بار اپیل کی، وزیراعظم نے کان نہیں دھرے، وزیر اعلیٰ سندھ نے عمرشریف کی اپیل کا نوٹس لیا، اپنے نمائندے کو بھیجا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عمر شریف کی پکار اور اپیل سنائی نہیں دی، سندھ حکومت نے عمر شریف کے ویزے کیلئے امریکا سے رجوع کیا، عمر شریف کو امریکا کا ویزہ جاری ہوگیا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پہلی بار پریس گیلری بند کیا گیا، مختلف بہانے بنائے گئے، کہا گیا پی آر اے کے کہنے پر بند کی گئی، پی آر اے نے تردید کی۔
شازیہ مری نے کہا کہ ڈکٹیٹر کے درو میں بھی پریس گیلری بند نہیں کی گئی، وزیر اطلاعات کوپتہ ہی نہیں تھا کہ پریس گیلری بند ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ اسپیکر سے جاننا چاہتے ہیں کہ کون نمائندے ملے تھے، جن کے کہنے پر پریس گیلری بند کی، پی آر اے کا کوئی بھی منتخب نمائندہ اسپیکر سے نہیں ملا۔
شازیہ مری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حوالے سے دیے گئے بیان کی مذمت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کی بے عزتی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں مداخلت ہوتی ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے ماحول سازگار بنائیں، آر ٹی ایس اور میجک انک کے نام پر دھوکا کیا گیا۔