• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بائیڈن کا سعودی عرب سے پہلا معاہدہ، 50 کروڑ ڈالر کے ہتھیار دیں گے

ریاض (شاہدنعیم)بائیڈن انتظامیہ نے سعودی عرب سے اپنی حکومت کا پہلا معاہدہ کرتے ہوئے 50کروڑ ڈالر کے ہتھیار دینے کی منظور ی دی ہے ،امریکا کاکہنا ہے کہ اس معاہدے سے دوست ملک کی سیکورٹی کو مزید مضبوط بنایا جاسکے گا،تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ 500 ملین ڈالر (83ارب 87کروڑ پاکستانی روپے)کے دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی گئی ہے۔عرب ٹی وی نےامریکی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایاکہ یہ معاہدہ امریکا سے طے شدہ گزشتہ معاہدوں کی ہی ایک کڑی ہے جس میں سعودی عرب کے اپاچی، بلیک ہاک اور مستقبل میں ملنے والے چینوک ہیلی کاپٹروں کی دیکھ بھال اور مرمت شامل ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ "اس مجوزہ معاہدے سے ایک دوست ملک کی سکیورٹی کو مزید توانا بنایا جائے گا جو کہ مشرق وسطیٰ میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کا اہم رکن ہے۔ سعودی عرب کی حمایت سے امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی مقاصد کو تقویت ملے گی ۔امریکا کے مطابق اس معاہدے سے سعودی عرب کو حالیہ اور مستقبل میں پیش آنے والے خطرات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ہیلی کاپٹرز، جہازوں، ہتھیاروں اور میزائلوں کی دیکھ بھال میں بھی مدد ملے گی۔ سعودی عرب کو اس نئے سامان کو اپنی مسلح افواج کے استعمال میں لانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔ امریکی وزارت خارجہ نے یہ معاہدہ کانگریس میں نظرثانی اور منظوری کے لئے بھیج دیا ہے۔

تازہ ترین