• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی (نیوزڈیسک ) ایک نئی تحقیق کے مطابق حد سے زیادہ کام کی عادت بھی موت کا سبب بن سکتی ہے، طویل دورانیے تک مستقل کام کرنے کی عادت دفتری معاملات میں خطرے سے خالی نہیں۔عالمی ادارہٴ صحت اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی ایک مشترکہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہر برس دنیا بھر میں حد سے زیادہ کام کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور زخموں کی وجہ سے 20 لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

عالمی ادارہٴ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ ہر برس اس قدر زیادہ افراد اپنی ملازمتوں کی وجہ سے ہلاک ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملازمت سے متعلق ہر ہلاکت روکی جا سکتی ہے اگر صحت اور حفاظت سے متعلق درست اقدامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملازمتوں سے متعلق 80 فی صد سے زائد اموات امراضِ قلب اور سانس کی بیماریوں کی وجہ سے ہوتی ہیں جن کی شدت ملازمتوں کی جگہوں میں بڑھ جاتی ہیں۔

اس تحقیق میں ملازمتوں سے متعلق 11 مضر صحت وجوہات کو دیکھا گیا جن میں لمبے دورانیے تک ملازمت کرنا، ملازمت کی جگہ پر آلودگی سے متاثر ہونا، سرطان پیدا کرنے والے مادے سے متاثر ہونے کے علاوہ شور سے متاثر ہونا بھی شامل ہے۔

تازہ ترین