وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ ٹیم کو تھریٹ الرٹ سے متعلق سوال اٹھا دیے اور کہا کہ تھریٹ الرٹ کا بتانے والے 5 ممالک اس وقت کہاں تھے جب سیکیورٹی ماہرین دورہ کررہے تھے، چار دن سے ٹیم پریکٹس کر رہی تھی، اتنی نیوزی لینڈ کے پاس فورسز نہیں ہیں جتنی انہیں سیکیورٹی دی تھی۔
شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا میں ہماری ایجنسیاں مضبوط ترین ہیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں، ایک دن آئے گا جب ساری ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے آئیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 2شناختی کارڈ یا پاسپورٹ والے افراد 31 اکتوبر تک اپنا ایک شناختی کارڈ اور ایک پاسپورٹ واپس کر دیں۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان سے ہم نے 16 ہزار لوگوں کا انخلا کیا ہے،4ہزار لوگ طورخم اور چمن بارڈر سے واپس گئے ہیں،ہمارا ایک ہی بیانیہ ہے کہ افغانستان میں استحکام اور امن ہو، وزیراعظم عمران خان نے ہمارا بیانیہ تاجکستان میں واضح بیان کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے کوئی مہاجرکیمپ نہیں بنایا،میں بارڈرکا دورہ جنگ کے لیے نہیں امن کے لیے کرتا ہوں۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ہرالیکشن کےبعد دھاندلی کا شورمچایا جاتا ہے،ہماری اپوزیشن انڈر19 کی ٹیم ہے،یہ اپوزیشن الیکشن کی تیاری میں نکل آئی ہے ، ای وی ایم پر حکومت سے بات کرے۔