• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوارڈ یافتہ فلم ’ہوٹل روانڈا‘ کے حقیقی کردار کو 25 سال قید کی سزا

کیگالی(مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ کی ایوارڈ یافتہ فلم ’ہوٹل روانڈا‘ کی کہانی کے حقیقی کردار روانڈا کے شہری پال روسیسا باگینا کو عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں25سال قید کی سزا سنادی۔ پال روسیسا باگینا کی خدمات پر ہولی وڈ کی فلم ’ہوٹل روانڈا‘ 2004 میں بنائی گئی تھی، ان کا کردار ڈان چیڈل نے ادا کیا تھا۔مذکورہ فلم افریقی ملک روانڈا میں 1994میں ہونے والی نسل کشی کے گرد گھومتی ہے۔مذکورہ فلم کے حقیقی کردار روسیسا باگینا کو گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر روانڈا کی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا ۔ روسیسا باگینا کو عدالت نے 8 جرائم کے تحت 25 سال قید کی سزا سنائی جب کہ ان کے ہمراہ دیگر 20 افراد پر بھی فرد جرم عائد کی گئیں۔روسیسا باگینا کو دہشت گرد تنظیم میں رکنیت، قتل اور لوگوں کے اغوا سمیت دیگر الزامات کے تحت سزا سنائی گئی۔انہیں سزا سنائے جانے پر نہ صرف انسانی حقوق کی تنظیموں بلکہ امریکا اور بیلجیم نے بھی تنقید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مقدمے کی پیروی کے لیے قانونی وسائل اور شفاف ٹرائل کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے روسیسا باگینا کو سزا سنائے جانے کو سیاسی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے روانڈا کے حالیہ صدر نے بدلہ لیا ہے۔روسیسا باگینا نے 1994میں روانڈا میں ہونے والی نسل کشی کے دوران ’کیگالی کے ملی کولنز‘ نامی ہوٹل میں پناہ لینے والے مقامی 1200افراد کو پناہ دے کر جنگجوؤں سے ان کی زندگی بچائی تھی۔ نسل کشی کے دوران ہوتو قبیلے کے انتہاپسندوں نے اقلیتی قبیلے توتسی کے لوگوں کو مارا تھا اور جھگڑوں کے دوران اندازاً 8لاکھ توتسی لوگ مارے گئے تھے۔