• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائرنگ کے واقعات، نیوی کا سویلین ریٹائرڈ ملازم جاں بحق، دو افراد زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں نیوی کا سویلین ریٹائرڈ ملازم جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ، نیوی کے ریٹائرڈ ملازم کو نارتھ کراچی میں نشانہ بنایا گیا ، سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزموں کی فائرنگ سے 19 سالہ اسحاق ولد عاشق حسین زخمی ہوگیا جبکہ الفلاح تھانے کی حدود ملیر رفیع بنگلوز کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزموں کی فائرنگ سے 62 سالہ محمد امیر ولد رحیم بخش زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سر سید تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 11 اے میں واقع ابو بکر مسجد کے قریب قائم گھر کے باہر موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے گھر کے باہر کھڑے معمر شخص پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 65 سالہ سید مسعود جعفری ولد سید یوسف علی جعفری شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال لے جایا جانے لگا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ ایس ایچ او چوہدری زاہد کے مطابق مقتول نیوی کے ریٹائرڈ سویلین ہیں اور وہ گھر کے باہر کھڑے تھے کہ انہیں نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ان سے کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی کوئی چیز چھیننے کی کوشش کی جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے 5 خول اپنی تحویل میں لے لیے ہیں ۔پولیس کے مطابق گھر والوں کا بیان ابھی قلمبند نہیں کیا گیا ہے ، اس کے بعد مزید صورتحال واضح ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید