• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے نام دوسری ڈوز کا میسج ، بزدار نے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی


لاہور میں کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیٹس بنانے کا سلسلہ تھم نہ سکا، کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا ویکسین کی جعلی انٹری سامنے آگئی، نواز شریف کے نام پر دوسری ڈوز کا میسج بھی جاری ہوگیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ صحت سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔

لاہور میں کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹریوں کا سلسلہ جاری  ہے، نئی انٹری لندن میں بیٹھے سابق وزیراعظم نواز شریف کی کر دی گئی، ریکارڈ کے مطابق نواز شریف کے اصل شناختی کارڈ نمبر پر کورونا ویکسین سائنو ویک کی پہلی ڈوز کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں لگانے کی انٹری کی گئی ۔

ویکسین کی یہ انٹری نوید الطاف نامی ویکسینیٹر نے کی، ون ون سکس سکس سے نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لئے 20 اکتوبر کو آنے کا میسج بھی جاری کر دیا گیا ۔

جعلی انٹری کے مطابق نوازشریف کو سائنو ویک کی پہلی خوراک 22 ستمبر کی شام 4 بج کر 4 منٹ پر لگائی گئی، محکمہ صحت پنجاب نے پتہ چلتے ہی ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کو خط لکھ دیا ،خط میں ذمے داروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

اس سے پہلے بھی جعلی ڈیٹا انٹریز پر 8 افراد کے خلاف مقدمات درج اور 45 کو نوٹس جاری کئےجاچکے ہیں، محکمہ صحت پنجاب کےحکام کےمطابق بعض ویکسینیٹرز پیسے لے کر بغیر ویکسین لگائے جعلی انٹریز کر دیتے ہیں، جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین