• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری حکومت کسی چیز کو تھوپنا نہیں چاہتی، شبلی فراز


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ  ہماری حکومت کسی چیز کو تھوپنا نہیں چاہتی، ہم نے ووٹنگ مشین بناکر ثابت کیا کہ ہمارے ملک میں یہ تمام چیزیں ہوسکتی ہیں، خبریں چل رہی تھیں الیکشن کمیشن بھی چاہتا ہے ٹیکنالوجی سے الیکشن ہو۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم نے کرکٹ میں بھی نیوٹرل ایمپائر کا کہا تھا، ای وی ایم کے آنے سے ہمارے ووٹ بڑھ نہیں جائیں گے، یہ بات طے ہے کہ ہمیں الیکشن ٹیکنالوجی سے کرنا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ چیزیں گردش کر رہی ہیں کہ حکومت ووٹنگ مشین معاملے پر بضد ہے، ایسی باتوں سے عوام کو فائدہ نہیں ہورہا، عوام کنفیوز ہورہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات کے بعد تنازعات ملک کی جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں، تمام بڑے اداروں کا اتفاق تھا شفاف الیکشن کے لیے ٹیکنالوجی کی جانب جانا ہوگا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے ووٹنگ مشین تین مہینے میں بنادی، الیکشن غیر متنازعہ بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کی جانب جانا ہوگا، ہم نے الیکشن کمیشن کے تقاضوں کے مطابق چیزوں کو ووٹنگ مشین میں سمو دیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مشین سے متعلق ہماری رہنمائی بھی کی، ہم نے ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ بھی دیا، الیکشن کمیشن کو عملی مظاہرہ دکھایا تو انہوں نے ٹیکنیکل کمیٹی بنائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن جماعتوں کو بھی ووٹنگ مشین سے متعلق دعوت دی، بدقسمتی سے اپوزیشن نے ووٹنگ مشین کا جائزہ نہیں لیا، مخالفت برائے مخالفت کی۔

شبلی فراز نے کہا کہ ضروری نہیں یہی مشین ہو، مشینیں لینا خریدنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہمارا یہ مقصد نہیں کہ الیکشن میں یہی مشین ہو جو وزارت سائنس نے بنائی ہے۔

تازہ ترین