پاکستان کے معروف اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ فلم آفر ہوئی تھی مگر ویزا نہ ملنے کے سبب وہ بھارت نہیں جا سکے تھے۔
عدنان شاہ ٹیپو کی جانب سے حال ہی میں ایک ویب شو کو انٹرویو دیا گیا، اس دوران انہوں نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ، تجربات اور پروجیکٹس سے متعلق باتیں کیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ ’اُنہیں بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ ایک فلم آفر ہوئی تھی، اُنہوں نے اس فلم کے لیے 9 آڈیشنز بھی دے دیئے تھے۔‘
عدنان شاہ ٹیپو نے مزید بتایا کہ ’جب انہیں مدھوری کے ساتھ فلم آفر ہوئی تھی اُس زمانے میں کسی کو بھی بھارت کا ویزا نہیں مل رہا تھا، بھارت اور پاکستان میں کافی نتازعات چل رہے تھے لہٰذا وہ بھی فلم کی شوٹنگ کے لیے بھارت نہیں جا سکے تھے۔‘
عدنان شاہ ٹیپو کا کہنا تھا کہ ’بس پھر انہوں نے صبر کر لیا، جو چیز نہ ملے اُس میں بھی اللّٰہ کی بہتری ہوتی ہے، پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا چاہیے، جو مل جائے اُس کا بھی شکر جو نہ ملے اُس کے لیے بھی شکر ادا کرنا چاہیے۔‘