انگلش لیجنڈری فٹبالر مائیکل اوین جلد پاکستان آئیں گے، پاکستان فٹبال لیگ نے اوین کو ایمبیسیڈر مقرر کر دیا۔
مائیکل اوین نے کہا ہے کہ 22 کروڑ کی آبادی والے پاکستان میں فٹبال کیلئے بہت کچھ کیا جاسکتا ہے۔
’جیو نیوز‘ کے نمائندے فیضان لاکھانی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں مائیکل اوین نے بتایا کہ پاکستان آ کر یہاں ہونے والی لیگ کے ذریعے فٹبال کو سپورٹ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پروفیشنل فٹبال لیگ کا انعقاد درست جانب ایک قدم ہے، یہ نہیں کہتا کہ پاکستان 10 سال میں ورلڈ چیمپیئن بن جائے گا لیکن بہت کچھ بہتر ہو سکتا ہے۔
مائیکل اوین نے یہ بھی کہا کہ معلوم ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بڑی فالوونگ ہے مگر یقین ہے کہ فٹبال فینز بھی کم نہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی پہلی فرنچائز فٹبال لیگ میں 6 شہروں کی ٹیمیں شریک ہوں گی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے لیگ کی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔