• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، ماڈل کے غلط بال کاٹنے پر سیلون دو کروڑ روپے ہرجانہ دے گا

نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت کی ایک ’کنزیومر کورٹ‘ (صارف کے حقوق کا تحفظ کرنے والی عدالت) نے ایک سیلون کو حکم دیا ہے کہ وہ ایک ماڈل کے غلط بال کاٹنے پر دو کروڑ بھارتی روپے ہرجانہ ادا کرے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون (مدعی) کے بال چونکہ کافی لمبے تھے جس کی وجہ سے انھیں بالوں سے متعلقہ مصنوعات بنانے والی کمپنیوں میں جزوقتی نوکریاں مل جایا کرتی تھیں، مگر سیلون نے متاثرہ خاتون کی ہدایات کے برعکس اُن کے لمبے بال کاٹ دیے، جس سے انھیں کافی زیادہ نقصان ہوا۔سیلون، جو دہلی کے ایک معروف ہوٹل چین کا حصہ ہے، کو اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ 2004 سے اِسی سیلون میں جا رہی ہیں۔انھوں نے بتایا کہ وہ سیلون کے عملے کی ایک رُکن ہیئر ڈریسر الیم سنگلیر سے بال کٹوانا چاہتی تھیں لیکن سیلون نے کرسٹین ہو سے بال کٹوانے کی تجویز پیش کی۔سیلون نے ابھی تک اس عدالتی فیصلے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔صارف عدالت نے قرار دیا کہ لمبے بال کٹنے کی وجہ سے متاثرہ خاتون جزوقتی ملازمتوں کے معاہدوں سے محروم ہوئیں اور سیلون کے اس عمل نے ان کا لائف سٹائل یکسر بدل کر رکھ دیا ہے اور ان کے ملک کی ٹاپ ماڈل بننے کے خوابوں کو بھی چکنا چور کر دیا ہے۔عدالت نے مزید کہا متاثرہ خاتون اپنے بالوں کو کاٹنے میں غفلت کی وجہ سے شدید ذہنی تناؤ اور صدمے سے گزریں اور اس دوران اپنی نوکری پر توجہ نہیں دے سکی اور آخر کار اپنی ملازمت سے ہی ہاتھ دھو بیٹھیں۔غلط بال کاٹنے کا یہ واقعہ 2018 میں دلی میں پیش آیا تھا مگر اس پر عدالتی فیصلہ رواں ہفتے سُنایا گیا ہے۔

تازہ ترین