• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے ماہرہ کے بارے میں کچھ غلط نہیں کہا تھا: فردوس جمال

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال نے کہا ہے کہ اُنہوں نے ماضی میں اداکارہ ماہرہ خان کے بارے میں جو بیان دیا تھا اُس میں کوئی غلط بات نہیں کہی تھی۔

فردوس جمال نے اپنے ایک بیان میں ماہرہ خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بطور ہیروئن کام کرنے سے زیادہ بڑی عمر کے فرد کا کردار ادا کرنے چاہیے اور اُنہیں اپنے اس بیان پر کوئی افسوس نہیں ہے۔

حال ہی میں فردوس جمال نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں ایک بار پھر ماہرہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کہا تھا کہ ماہرہ خان کو ہیروئن کا کردار کرنے کے بجائے کردار نگاری کرنی چاہیے کیونکہ جب ہم کسی ہیروئن کا تصور کرتے ہیں تو ہمارے دماغ میں ایک نو عُمر لڑکی آتی ہے جو چنچل اور معصوم سی ہوتی ہے۔‘

فردوس جمال نے کہا کہ ’میرا ماننا یہ ہے کہ ماہرہ خان ہیروئن کے معیار پر پورا نہیں اُترتیں ، اسی لیے اُنہیں اس کے علاوہ دوسرے کردار کا انتخاب کرنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اور کردار سازی سے، میرا یہ مطلب نہیں کہ وہ کسی عُمر رسیدہ ماں، دادی یا ساس کا کردار ادا کریں۔‘

فردوس جمال نے کہا کہ ’وہ بیوی یا بہن کا کردار بھی ادا کر سکتی ہیں، بے شمار کردار دستیاب ہیں، وہ ایک سماجی کارکن بھی بن سکتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ سال 2019ء میں دیے گئے ایک بیان میں سینئر اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان کو دو بچوں کی ’ماں‘ کا کردار کرنے کا مشورہ دیا تھا۔جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری گفتگو کا مقصد ماہرہ خان پر تنقید کرنا نہیں بلکہ میں نے فنی صلاحیتوں کے تناظر میں بات کی، کوئی بھی میری کی ہوئی بات دل پر نہ لے۔

تازہ ترین