• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: کرکٹ بورڈ کے فنانشل ماڈل پر فرنچائزز کے تحفظات

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے نئے فنانشل ماڈل پر تمام چھ فرنچائزوں کے تحفظات برقرار ہیں اور پیر کے اجلاس میں بظاہر ڈیڈ لاک والی صورتحال قائم ہے ۔ مالکان نے ماڈل کا جائزہ لینے کے لئے مزید ایک ہفتے کا وقت مانگا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اصل ڈیڈ لاک ڈالرز کے ریٹ مقرر کرنے پر ہے، اس بارے میں گذشتہ چھ سال سے فریقین میں اختلاف ہے۔ ڈیڑھ سال پہلے ڈالرز کا ریٹ 132.6مقرر کرنے کی تجویز آئی تھی لیکن اس پر معاملات آگے نہ بڑھ سکے۔ اس وقت اوپن مارکیٹ میں172روپے کا ہے۔ اب جو ریٹ طے ہوگیا وہ مزید14سال تبدیل نہیں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل مالکان کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل خسارے میں ہیں ۔ نقصان کو پورا کرنے کے لئے پی سی بی قابل عمل فنانشل ماڈل لائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز مالکان نے پی سی بی افسران کی شکایت کی جو کئی سالوں سے معاملات کو الجھائے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں رمیز راجا نے کہا کہ فرنچائز ملک کے مفاد میں بہتر حل کی جانب جائیں جس پر ایک مالک نے کہا کہ نقصان ہمارا ہورہا ہے اور مدد بھی ہم کریں ۔ پی سی بی نے فرنچائز کی فیس اور کھلاڑیوں کی فیس میں اضافہ کردیا ہے جبکہ فرنچائز کو ٹیکس کی کٹوتی بھی زیادہ ہورہی ہے۔

تازہ ترین