ملکہ الزبتھ دوئم پنڈورا پیپرز میں ان کے آذربائیجان کے حکمران سے مبینہ روابط اور کرپشن کے الزامات سامنے آنے کے معاملے پر اندرونی جائزہ لے رہی ہیں۔
بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق ملکہ اور آذربائیجان کے حکمران کے لندن میں 67 ملین پاؤنڈ کی پراپرٹی کی فروخت کے سلسلے میں ایک دوسرے سے تعلقات سامنے آئے ہیں۔
پنڈورا پیپرز میں انکشاف ہوا ہے کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیف نے اپنی آف شور کمپنیوں کے ذریعے 400 ملین یورو سے زائد جائیدادوں کا کاروبار کیا ہے۔
صدر الہام علیف کی حالیہ کلائنٹ ملکہ الزبتھ دوئم کی ملکیت میں چلنے والی کراؤن اسٹیٹ بھی شامل ہے جس نے مبینہ طور پرصدر کو اگست 2018ء میں 50- 60 کنڈوٹ اسٹریٹ کی ملکیت حاصل کرنے کے لیے 66.5 ملین یوروز ادا کیے تھے۔
آف شور کمپنی جس کا تعلق آذربائیجان کے صدرسے ہے، ایک برٹش وِرجن آئی لینڈ پر مبنی کمپنی ہے جس کا نام ہینیز ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ہے۔
پنڈورا پیپرز میں صدر کی بیٹی آرزو علیفا کی شمولیت بھی سامنے آئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق صدر الہام علیف کی بیٹی نے 2015ء میں اس پراپرٹی کی ملکیت اپنے دادا عارف پاشایف کے نام منتقل کی اور بعد میں اُنہوں نے اسے ایک ٹرسٹ بنا دیا۔