• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ، قومی اسکواڈ 15 اکتوبر کو یواے ای جائے گا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ 15 اکتوبر کو چارٹر فلائٹ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوگا، اسپورٹس اسٹاف کے ارکان 8 اکتوبر کو لاہور میں قرنطینہ میں جائیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسپورٹس اسٹاف کا باضابطہ اعلان کرنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی میں شریک کھلاڑی ایونٹ مکمل کرنے کے بعد ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے، نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ قومی اسکواڈ کے اسپورٹس اسٹاف میں شامل تمام ارکان 8 اکتوبر کو لاہور میں جمع ہوں گے اور لاہور کے مقامی ہوٹل میں سات روز کا قرنطینہ کریں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ باؤلنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر 7 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے اور لاہور میں ٹیم کو جوائن کرنے کے بعد اسکواڈ کے ہمراہ متحدہ عرب امارات جائیں گے جبکہ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن یو اے ای میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

پی سی بی نے قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ یو اے ای لے جانے کی اجازت دی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپورٹس اسٹاف کا باضابطہ اعلان کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپورٹس اسٹاف میں شامل مینجر منصور رانا، ہیڈ اسپورٹس اسٹاف ثقلین مشتاق، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید اور اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈرائیکس سائمن بھی بائیو سیکور ببل میں جائیں گے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 31 اکتوبر کو افغانستان کے مدمقابل ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔

تازہ ترین