کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 17 اکتوبر کو باغ جناح میں پاور شو کرنے کا اعلان کردیا ہے، یہ اعلان منگل کو وزیراعلی ہائوس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں پیپلز پارٹی سندھ ایگزیکٹو کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں 17اکتوبر کے جلسے میں بھرپور عوامی شرکت یقینی بنانے اور جلسے کی بھرپور تیاریاں شروع کرنے پر زور دیا گیا،اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے بتایا کہ تاریخی جلسے میں ہزاروں کارکنان شرکت ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اہم خطاب کرینگے، جلسے عام کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام دشمن فیصلے کرکے ملک اور عوام کو انتشار کی طرف دھکیل رہے ہیں، نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر سخت تحفظات ہیں، پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں مسترد ہونے کا اندازہ ہوچکا ہے، ملک میں الیکشن کمیشن کو بااختیار بنایا جائے ۔