• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی اداکارہ اور فلم ڈائریکٹر خلا میں فلم کی شوٹنگ کیلئے عالمی اسپیس اسٹیشن پہنچ گئے

ماسکو (نیوز ڈیسک) روسی اداکارہ اور فلم ڈائریکٹر خلا میں فلم کی شوٹنگ کیلئے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پہنچ گئے ، اس طرح روس نے خلا میں ہالی ووڈ کو شکست دے دی ہے ، روسی اداکارہ یولیا شیرپلڈ، فلم ڈائریکٹر کلم شیپنکو اور ان کے خلائی گائیڈ انتون شاکلیروف منگل کے روز خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئے جہاں وہ خلا میں پہلی فلم کے مناظر فلمائیں گے ، اگر چہ اس سے قبل خلا میں فلم کے مناظر کو بڑی اسکرینوں کر دکھایا جاچکا ہے تاہم یہ ایڈوانس کمپیوٹر گرافک کی مدد سے فلمائے گئے تھے تاہم خلا میں کبھی بھی کسی فلم کی مکمل شوٹنگ نہیں کی گئی ہے ، روسی ٹیم فلم دی چیلنج کی شوٹنگ کرے گی اور مشن کی کامیابی پر روس خلامیں فلم بنانے والا دنیا کا پہلا ملک بن جائےگا۔ خلامیں روانگی سے قبل خلائی لباس میں ملبوس فلم ڈائریکٹر نے تصاویر بنواتے ہوئے اپنے فینز کے سامنے ہاتھ لہراتے ہوئے انہیں خیر باد کہا ، اس موقع پر انہوں فلم کا اسکرپٹ بھی ہاتھوں میں تھام رکھا تھا جس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم اسے نہیں بھولنا چاہتے تھے ۔ روسی ٹیم 12 روز تک بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں رہیں گے اور فلم کی شوٹنگ کریں گے ۔خیال رہےکہ اس سے قبل ہالی وڈ اداکار ٹام کروز نے خلا میں فلم بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں انہیں امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا اور ایلن مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا تعاون حاصل ہوگا تاہم ان سے قبل ہی روس نے اپنی ٹیم خلا میں روانہ کردی اور اس طرح ماسکو اس شعبے میں امریکا پر سبقت لے جانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
تازہ ترین