• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سچل میں آن لائن بائیک سروس کے رائیڈر کا قتل، 3 ملزمان گرفتار

سچل میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران ایک بائیکیا رائیڈر کو قتل کرنے کی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمان کے قبضہ سے مقتول سے چھینا ہوا موبائل فون، اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن نے جنگ کو بتایا کہ انوسٹی گیشن ون ایسٹ پولیس نے اندھے قتل کا سراغ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے لگایا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ الطاف حسین کے مطابق 26 ستمبر کی رات تھانہ سچل کی حدود میں ڈکیتی کی واردات میں ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے دوران رائیڈر کو فائرنگ سے قتل کردیا تھا۔

جس کا مقدمہ الزام نمبر 1623/2021 بجرم دفعہ 302/397/34 ت پ درج کیا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق سچل تھانے کے انویسٹی گیشن کے عملے نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 3 ملزمان عمر فاروق، محمد کامران اور محمد یوسف کو گرفتار کیاہے۔

ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور ضلع کورنگی سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

ملزمان کی نشاندہی پر متوفی رائیڈر سے چھینا گیا موبائل بھی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے کراچی کے ضلع شرقی، ملیر اور کورنگی کی حدود میں اسٹریٹ کرآئم کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

تازہ ترین