اسلام آباد (جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایسے وقت پر انگلینڈ گئی تھی جب کوئی ٹیم وہاں جانے کو تیار نہ تھی، اگر ایسا ان کےساتھ ہوتا توان کے کیا احساسات ہوتے۔ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں آج بھی یہ احساس پایا جاتا ہے کہ وہ پاکستان جیسے ممالک سے کھیل کر ان پر احسان کر رہے ہیں۔و زیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی طرف سے دورہ پاکستان ختم کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کیا۔ انٹرویو کے دوران وزیراعظم عمران خان سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ پیسہ اس وقت کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈز کے لیے ایک بڑا کھلاڑی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس وقت دنیا میں سب سے امیر ترین بورڈ ہے۔ اس لیے عالمی کرکٹ کو کنٹرول کرتا ہے۔ وہ وہی کرتے ہیں جو بھارتی بورڈ کہتا ہے، اور کوئی بھی ویسا ہی بھارت کے ساتھ کرنے کی جرات نہیں کرتا۔ کیونکہ سب جانتے ہیں کہ بھارت زیادہ پیسہ پیدا کرتا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت سے شروع کی گئی جعلی بات پر اسٹیڈیم کے اندر سے ٹور منسوخ کیا۔ انگلینڈ نے بھی یک طرفہ طورپر ایسا کیا۔ اس لیے مجھے ایسا محسوس ہوا کہ انگلینڈ نے خود کو نیچے کیا۔ غیرملکی ٹیموں کے تحفظ کیلئے سب سے بڑی پریشانی ہماری ہے، تصور کریں پاکستان میں کسی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کچھ ہوجاتا ہے تو ہم ذمہ دار ہیں۔ ہمارے پاس دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی ہے، میں نے چیک کیا ہے ہماری طرف سے سب ٹھیک تھا، نیوزی لینڈ والے بھی ڈر گئے اور ملک چھوڑ گئے، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیموں نے مایوس کیا ہے، نیوزی لینڈ نے مایوس کیا۔