• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین میں ویلفیئرقونصلر تعینات کیا جائے، پاکستانی کمیونٹی

بارسلونا (شفقت علی رضا) اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی زیادہ تعداد بارسلونا اور اُس کے گرد و نواح میں آباد ہے۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں تین سال سے ویلفیئرقونصلر کی اسامی خالی ہے جس پر تاحال کسی کو تعینات نہیں کیا جا سکا،قونصل خانہ بارسلونا 2007میں قائم ہوا جہاں اب تک ایم وائی جاوید، سید شکیل شاہ، محمد اسلم غوری اور تین سال قبل آخری ویلفیئر قونصلر عمرعباس میلہ تعینات رہے، عمر عباس میلہ کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد اب تک کسی ویلفیئر قونصلر کو بارسلونا میں تعینات نہیں کیا جا سکا، بارسلونا اور اس کے گرد ونواح میں تقریباً 70ہزار پاکستانی آباد ہیں جن کو مقامی اداروں کے ساتھ ساتھ صوبہ کاتالونیا کی جیلوں میں قید اپنے ہم وطنوں کو درپیش مسائل حل کرانے کے لئے ویلفیئر قونصلر کی اشد ضرورت ہے، ویلفیئر قونصلر کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے جیلوں میں قید پاکستانیوں کو مذہبی رسومات ادا کرنے، حلال کھانوں، ملاقاتوں، ضمانت ناموں اور سزا پوری ہونے کے بعد اسپین میں رہنے یا ”ڈی پورٹ“ہونے جیسے مسائل زیر التوا ہیں جن کو جلدحل کیا جانا بہت ضروری ہے ، سپین میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ قونصل خانہ بارسلونا میں جلد از جلد ویلفیئرقونصلر کو تعینات کیا جائے تاکہ ہمارے تاخیر کا شکار مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں۔واضح رہے کہ وزارت خارجہ نے پانچ ممالک میں پاکستانی اوورسیز کی شکایات براہ راست وزارت کو ارسال کرنے کے لئے پورٹل کا آغاز کیا ہوا ہے جس میں بارسلونا،دبئی، جدہ، نیویارک اور لندن کے پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے شامل ہیں۔ویلفیئر قونصلر کی بارسلونا قونصل خانہ میں تعیناتی کا مطالبہ وزارت خارجہ کے پورٹل پر بھی دیاجا چکا ہے۔
تازہ ترین