• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو یورپین پارلیمنٹ پر سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، چوہدری سرور

برسلز( حافظ انیب راشد ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اپنا 4 روزہ ختم کرکے یورپین دارالحکومت برسلز سے روانہ ہو گئے ۔اپنے اس دورے میں انہوں نے یورپین پارلیمنٹ کے3نائب صدور ،3اہم ترین پارلیمانی کمیٹیوں کے چئر پرسنز ،2کمیٹیوں کے وائس چیئر ، ڈیلیگیشن برا ئے افغا نستان کے چیئر پرسن سمیت2درجن ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کی ۔اس کے علاوہ گورنر پنجاب سول لبرٹیز، جسٹس اینڈ ہوم افئیرز کمیٹی کے چئیر جوآن فرنیندو لوپیز ایم ای پی اور ڈیلیگیشن برائے افغانستان کے چئر یتراس آستریویسیس ایم ای پی سے بھی ملے اور افغانستان کے حوالے سے ان تک پاکستان کا موقف پہنچایا۔دورے میں گورنر پنجاب نے جن اہم کمیٹیوں کے ممبران سے ملاقاتیں کیں ان میں کمیٹی برائے بین الاقوامی تجارت اور فارن افئیرز کمیٹی کے ممبران نمایاں تھے۔اپنے دورے کے آخری روز انہوں نے اعلان کیا کہ برطانیہ سے سابق رکن یورپین پارلیمنٹ ڈیوڈ مارٹن ان کے یورپین افئیرز کیلئے کو آرڈینیٹر ہونگے۔انہوں نے مزید کہاکہ دورے میں انہوں نے جی ایس پی پلس، انڈیا کی جانب سے باسمتی رائس کے حقوق کے دعوے اور افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے پہنچایا ہے۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ ان کے اس دورے کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ پاکستان کو یورپین پارلیمنٹ پر پوری اور سنجیدہ توجہ دینے کی مسلسل ضرورت ہے ۔

تازہ ترین