• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپیشل افراد کے لیے نیاجامع قانونتیار کر لیا،یاور عباس بخاری

لاہور (نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ سپیشل افراد کے لئے نیا جامع قانون تیار کر کے خاموش انقلاب کی راہ ہموار کر دی ہے۔ صوبہ بھر میں 789 خصوصی افراد کو ملازمت دی گئی۔ بھرتی شدہ ڈیلی ویجز ملازمین میں سے 324 خصوصی افراد کو مستقل بھی کیا جا چکا ہے۔ لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ نیا قانون لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے اور عدالت عالیہ نے اپنی تازہ سماعت میں اس اقدام کی تعریف بھی کی ہے۔ نیا قانون 8 نومبر تک پنجاب اسمبلی سے منظور کر الیا جائے گا۔ ۔وزیر سماجی بہبود یاور عباس بخاری نے کہا کہ پاکستان نے 2011 میں سپیشل افراد سے متعلق بین الاقوامی کنونشن کی توثیق کی تھی۔ اس کے بعد آج تک پنجاب میں کنونشن سے ہم آہنگ قانون سازی نہیں کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بُزدار کی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر نے اس حوالے سے کام شروع کیا اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی۔ اس قانون کی منظوری کے بعد پنجاب دنیا کے دیگر ممالک سے کسی بھی طرح پیچھے نہیں رہے گا۔ موجودہ حکومت نے ملازمتوں میں سپیشل افراد کا کوٹہ بڑھا کر تین فیصد کر دیا ہے۔ پہلے سو سے کم ملازمین والے اداروں پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا تھا۔ یاور عباس بخاری نے بتایا کہ نئے قانون کے تحت سپیشل بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانا لازمی ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سپیشل افراد سے بدسلوکی پر سزا میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ 25 اکتوبر کو بین الاقوامی کانفرنس میں مزید اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔ سپیشل افراد کے لئے معذوری سرٹیفکیٹ کے عمل کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے اور گوجرانوالہ سے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کیا جائے گا۔
تازہ ترین