• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متھرا کھلی کچہری ‘مکینوں سے مسائل سے آگاہ کیا

پشاور (جنگ نیوز)ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے متھرا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انور اکبر خان، تحصیلدارذوالفقار خان سمیت ماتحت محکموں کے افسروں،ریونیو سٹاف،عوامی نمائندوں، عوام اور عمائدین نے شرکت کی۔بی ایچ یو میں عوام کی سہولت اور معلومات کے لئے کھلی کچہری سے پہلے اعلانات کرائے گئے ۔ اس موقع پر لوگوں نے افسروں کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ زیادہ اور سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے۔ کھلی کچہر ی میں شکایات کی گئی کہ علاقے میں غیر قانونی ماربل فیکٹریوں سے کٹنگ کے بعد نکاسی آب نالیوں سے ہوتا ہوا نہروں میں داخل ہو رہا ہے جس سے نہریں ماربل پوڈر سے بھر جاتی ہیں۔ اور یہ پانی زرعی زمینوں کے لئے نقصان دہ ہے اس لیے ان ماربل فیکٹریوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے میں نہروں کی صفائی کی جائے تاکہ کھیتوں تک پانی آسانی سے پہنچ سکے اور ورسک روڈ پر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے کیوں کہ تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام رہتا ہے اور عوام کو سخت تکلیف کا سامنا ہے اور سکولوں اور بی ایچ یو کے ساتھ سڑک پر سپیڈ بریکر لگائیں تاکہ حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔اس موقع پر دیگر افراد نے بھی مسائل کے بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انہوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے تمام افسروں کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔
تازہ ترین