• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ہر چیز کی ذمہ داری پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں، مفتاح اسماعیل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان ہر چیز کی ذمہ داری پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے باہر مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا جس میں مفتاح اسماعیل سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اور شریک ہوئے۔ 

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر چیز کی ذمہ داری پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں، کہتے ہیں پچھلی حکومت نے بجلی کے مہنگے سودے کیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سستی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ لگائے، 2018 سے اب تک پاکستان میں بھارت سے زیادہ مہنگائی رہی ہے۔

رہنما ن لیگ نے سوال اٹھایا کہ پاکستان میں 10 فیصد مہنگائی کیوں ہے؟، یہ خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ کیوں ہے؟۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں مہنگائی بھی زیادہ ہے، بے روزگاری بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی اعداد و شمار میں بھی ہم خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان 200 ارب ڈالر باہر سے لانے کی بات کرتے تھے، لیکن نہیں لاسکے۔

انہوں نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے، 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا لیکن ایک گھر نہیں بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی صورتحال اب عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی، 130 روپے لیٹر پٹرول تو اب مڈل کلاس آدمی کی برداشت سے بھی باہر ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہاں تنخواہ نہیں بڑھ رہی روزگار کے مواقع نہیں بڑھ رہے، لوگ پریشان ہیں کیوں کہ خان صاحب نا اہل ہیں انہیں کام نہیں آتا۔

قومی خبریں سے مزید