• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ مہاجروں کو گلے لگائیں ، فاصلے کم کریں ، خواجہ اظہار الحسن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے سندھ کے نئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مہاجروں کو گلے لگائیں اور فاصلے کم کریں۔ خواجہ اظہار الحسن جمعہ کو سندھ اسمبلی میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ایک قوم کو دیوار سے لگا کر سنگین غلطی کی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم مسئلہ نہیں ہے بلکہ مسئلے کا حل ہے۔ اس مسئلے کو حل کرانے کیلئے سید مراد علی شاہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ عدالتوں کے سوموٹو صوبہ سندھ پر ہوئے۔ یہاں کرپشن کا قلع قمع کرنا ہے اور عام آدمی کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ، فنکشنل اور (ن) لیگ نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ یہ ہمارا جمہوری حق ہے لیکن اس لاتعلقی سے جو نقصان ہوا ہے ، اسے محسوس کیا جائے کیونکہ ہمیں جمہوری عمل میں حصہ لینے کا صلہ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس لاتعلقی کو مک مکا سے تعبیر کیا ہے۔ اگر یہ مک مکا ہوتی تو ہمارے رکن رؤف صدیقی جیل میں نہیں ہوتے بلکہ وزیر ہوتے۔ انہو ں نے کہا کہ سید مراد علی شاہ کو ایوان کے 52 فیصد ارکان نے ووٹ دیا ہے اور 48 فیصد نے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ انہیں چاہئے کہ اس لاتعلقی کو تعلق میں تبدیل کریں اور احساس محرومی ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک قوم کو دیوار سے لگا کر سنگین غلطی کی جا رہی ہے۔ اگر وہ کہتے ہیں کہ کراچی سندھ سے الگ نہیں ہے اور مہاجر سندھی ہیں تو انہیں گلے لگایا جائے اور فاصلے دور کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ کو اس شہر ، صوبے اور ملک کے مفاد میں جب بھی ہماری ضرورت پڑی ، ہم شانہ بشانہ انکے ساتھ رہیں گے۔ قبل ازیں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ کو شہری علاقوں کے نمائندوں میں ووٹ نہیں دیا۔ اس طرح نئے وزیر اعلیٰ کو شہری علاقوں کا اعتماد حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے لاتعلق رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین