• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر پر مذاکرات، بھارت کا پھر انکار، دہشت گردی پر بات ہوسکتی ہے

اسلام آباد (ایجنسیاں)بھارت نے کشمیر پر مذاکرات سے پھرانکارکردیا‘ہندوستان نے پاکستان کی جانب سے کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کی دعوت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سرحد پار دہشتگردی کے معاملے پر بات چیت کرنے کو تیار ہیں‘ پاکستان آزادکشمیر پر قبضہ جلدختم کرے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کے حوالے سے اپنے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چوہدری کی جانب سے 19اگست کو لکھے گئے خط کے جواب میں کہا ہے کہ ہم پاکستان کی سرزمین سے نکلنے والی دہشتگردی جس پر بھارت کوبنیادی تشویش ہے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔ ذرائع کے مطابق یہ خط اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباولے نے سیکریٹری خارجہ پاکستان اعزاز چوہدری کے حوالے کیا جس میں لکھا ہے کہ بھارت کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے 19 اگست کو اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کے نام خط لکھا تھا جس میں انہیں اسلام آباد آنے اور مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ بھارتی سیکریٹری خارجہ کے خط کا جائزہ لے رہا ہے اور اس حوالے سے مشاورت کے بعد نئی دہلی کو مناسب جواب دیا جائے گا۔بھارتی اخبار ”ہندوستان ٹائمز“ کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی نے اسلام آباد کو بتادیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ صرف بھارت میں ہونے والی دہشتگردی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک میں ہونے والی دہشتگردی پر بھی بات کرنا چاہتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے بھیجے گئے حالیہ خط کی منظوری قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے دی ہے اور اس میں مقبوضہ کشمیر کے بجائے آزاد کشمیر کا ذکر کیا گیا ہے۔
تازہ ترین