• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج محب وطن پاکستانی کرپشن کیخلاف اپنا فیصلہ سنا دینگے،تحریک انصاف شمالی پنجاب

راولپنڈی (خبر نگار)  رائیونڈ مارچ میں شرکت کے لئے پی ٹی آئی شمالی پنجاب ، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلوں کا حتمی شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے قافلوں کی قیادت اسد عمر، شمالی پنجاب سے عامر کیانی کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے علی امین گنڈاپور کی قیادت میں گاڑیوں کا قافلہ رائیونڈ کے لئے روانہ ہوگا۔ مالا کنڈ ڈویژن سے محمود خان کی قیادت میں قافلہ رائیونڈ کا رخ کرے گا۔ پشاور اور گردونواح سے کارکنان شاہ فرمان کی قیادت میں روانہ ہوں گے۔ شمالی پنجاب میں شامل اضلاع چکوال ، اٹک ، راولپنڈی ، بکھر ، میانوالی ، خوشاب ، سرگودھا اور جہلم سے قافلے موٹر وے پر مرکزی قافلے میں شامل ہوں گے۔ اسلام آباد کے شہری اور دیہاتی علاقوں سے قافلے کی قیادت اسد عمر، راجہ خرم نواز ، سجاد گل ، نعیم خان اور چوہدری الیاس مہربان کریں گے۔ دوسری جانب رائیونڈ کے رستے کے دوران پنجاب حکومت یا لیگی گلوئوں کی شر انگیزیوں سے نمٹنے کی تیاری بھی کی گئی ہے اور کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے کی میڈیا پر تشہیر کے لئے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ میں خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ کیلئے قافلوں کی روانگی کے حتمی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔شمالی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات ساجد علی قریشی نے کہا کہ آج محب وطن پاکستانی لاکھوں کی تعداد میں رائے ونڈ مارچ میں شرکت کر کے کرپشن کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیں گے۔
تازہ ترین