• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ نے عمران خان کے آج کے احتجاج کی اہمیت انتہائی کم کر دی

لاہور(پرویز بشیر )کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور پاک بھارت جنگ کے خطرے نے عمران خان کے آج کے احتجاج کی اہمیت انتہائی کم کر دی ، عمران خان جنگی اور خطرناک صورتحال میں یہ سیاسی کارروائی کرنے جا رہے ہیں اور کشیدہ صورتحال اگر مزید بڑھ گئ تو ان کا یہ اقدام غیر معقول قرار پائیگی ۔گزشتہ تمام دن دفاتر گھروں اور دکانوں میں عمران خان کے احتجاج کی بجائے پاک بھارت کشیدہ صورتحال او ر کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور جوانوں کی شہادت زیر گفتگو رہی ،کوئی یہ نہیں سوچ رہا تھا کہ عمران خان کی تحریک کا کیا بنے گا بلکہ ہر ایک کی گفتگو میں یہ فکر نمایاں تھی کہ کشیدگی کیا رخ اختیار کریگی۔ پاناما لیکس اہم ہے یا ملک کی سالمیت دفاع اور قوم کا اتحاد ضروری ہے۔عمران خا ن کی نفسیات اور طبیعت کو دیکھتے ہوئے کوئی انکو یہ مشورہ دینے کی پوزیشن میں نہ تھا کہ وہ احتجاج کچھ دنوں کیلئے ملتوی کر دیں۔وزیر اعلیٰ  شہباز شریف کے ذہن کے کسی کونے میں یہ بات قوم کے اتحاد کی صورت میں موجودتھی ۔کشمیر کانفرنس میں انہوں نے ترکی کی مثال دی کہ جب فوج نے انقلاب لانے کی کوشش کی تھی کسی نے اپوزیشن جماعتوں کے پائوں نہیں پکڑے وہ خود ہی انقلاب کے آگے سینہ سپر ہوگئے ،شاید ان کا مطلب تھا کہ یہاں بھی ہر ایک کو بھارت کے عزائم کے آگے متحد و منظم ہو جانا چاہیئے ،صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ مشرقی پنجاب میں بھارت اپنے دیہات خالی کرا رہا ہے اور فورس میں اضافہ کر رہا ہے ۔ گزشتہ روز میڈیا نے تحریک انصاف کے احتجاج کی بجائے زیادہ کوریج بھارتی جارحیت کی جانب رکھی ۔آرمی چیف اور وزیر اعظم نوازشریف کے ٹیلفون پرر ابطے بھی قوم کے اتحاد کی جانب اشارہ موجود ہے۔ 
تازہ ترین