• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالی مدد نہیں بلکہ بھرپور اخلاقی مدد چاہئے، بیرسٹر سلطان محمود

برسلز (حافظ انیب راشد) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ کہتے ہیں انہیں کسی طرح کی مالی مدد نہیں بلکہ بھرپور اخلاقی مدد چاہئے۔ وہ کہتے ہیں کہ بیرون دنیا میں آپ لوگ جس طرح ہماری آواز بلند کر رہے ہیں اسے انجام دیتے رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسلز میں 27تاریخ کو ہونے والے کشمیر ملین مارچ کی تیاریوں کیلئے منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا جس کا اہتمام ان کے دیرینہ ساتھی چوہدری نصیر احمد نے کیا تھا۔ پرویز ملک کی نظامت اور چوہدری خلیل احمد کی تلاوت سے شروع ہونے والی اس تقریب میں بیرسٹر سلطان نے مذکورہ ملین مارچ کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 27اکتوبر وہ تاریخ ہے جب انڈیا نے کشمیر پر ظالمانہ قبضہ کیا تھا جو آج تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے لندن اور پھر اقوام متحدہ کے نیویارک میں واقع دفاتر کے سامنے زبردست ملین مارچ کر رکھے ہیں۔ برسلز میں یہ اس سلسلے کا تیسرا ملین مارچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ مقام ہے جہاں یورپین یونین کا دارالحکومت نیٹو کا ہیڈکوارٹر اور یورپ کے کلیدی ادارے واقع ہیں۔ ہم دنیا کے اس حصے میں اپنی آواز پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے یورپین پارلیمنٹ میں بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ بیرسٹر سلطان نے کہا کہ میں بھارتی وزیراعظم کے ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے دنیا کو آگاہ کر رہا ہوں کہ مودی جنگی جنون کو ہوا دے رہے ہیں۔ وہ سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ کر رہے ہیں جس سے خطے کا امن تباہ ہونے کا خطرہ ہے۔ اس تقریب میں برسلز پارلیمنٹ کے رکن امین اوزکارا اور پاکستانی نژاد رکن ڈاکٹر منظور ظہور نے خصوصی شرکت کی جب کہ سردار نسیم اقبال ایڈووکیٹ، ریاض ملک، مصدق حسین اور ملک اخلاق اعوان نے مختلف تجاویز دیں۔
تازہ ترین