• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا احتجاج، کئی سفیروں کا اہل خانہ اور اضافی عملہ واپس بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد (صالح ظافر)مقامی ہوٹل میں ہنگری کے 1956ء کے انقلاب اور آزادی کی جنگ کی 60ویں سالگرہ منائی گئی۔ تقریب کا اہتمام ہنگری کے سفیر ایستیوان زابو کی جانب سے کیا گیا تھا۔ مہمانوں نے آئندہ ماہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ تقریب میں موجود سفارتکاروں نے پریشانی کا اظہار کیا اور ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد کے مقابلے میں انہیں ز یادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ مقامی انتظامیہ نے اب تک ان کی پریشانی اور سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔ کچھ عرب اور مغربی ممالک کے سفیروں نے انکشاف کیا کہ پیدا ہونے والی صورتحال کے خطرے کو دیکھتے ہوئے وہ آئندہ ہفتے اپنے اہل خانہ اور اضافہ سفارتی عملے کو اپنے ملک واپس بھیج رہے ہیں۔ تقریب میں مہمانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی لیکن سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد (نواز لیگ، پی پی اور تحریک انصاف) کی تعداد بہت ہی کم تھی حتیٰ کہ پی ٹی آئی کے ایسے رہنمائوں کی تعداد بھی کم تھی جو سفارت کاروں سے اپنی قربت کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔ کچھ مہمانوں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان کو یکساں شخصیت کے طور پر پیش کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، آفتاب شیرپائو، میئر اسلام آباد، انصار عزیز، سابق وزیر ملک حبیب، عزیز بولانی اور اہم ملکوں کے سفارت کاروں کی شرکت نمایاں تھی۔
تازہ ترین