• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے اپوزیشن کو منتشر کیا، یہ نئی ق لیگ ثابت ہوں گے، چانڈیو

کراچی، حیدرآباد(ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) صوبائی مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہاکہ عمران خان نے اپوزیشن کو منتشر کیا۔ تحریک انصاف دوسری ق لیگ ثابت ہوگی، پاناما پر سب پارٹیاں ساتھ تھیں لیکن ان کو یقین دلایا گیا کہ آپ کی دونمبری کامیاب ہوگی اور موج بھی آپ اکیلے کریں گے، متنازع خبر کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں کے ہاتھ جب مجرموں تک پہنچ چکے تو وفاقی وزیر اطلاعات کو خیال آیا کہ اجلاس میں دیگر لوگ بھی شریک تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ انگلی کے اشارے پر حاصل کی گئی، کامیابی سازش تسلیم کی جائے گی، سازش سے ملی کامیابی کو عوام تسلیم نہیں کریں گے، پوری قوم ایک طرف عمران خان ایک طرف ہوں گے ۔ انہوں نے انگریزی روزنامے میں شائع ہونے والی خبر پر کہا ہے کہ پرویز رشید دوسروں پر انگلیاں اٹھا کر تحقیقاتی اداروں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی اداروں کے ہاتھ مجرموں کی گردنوں تک پہنچ چکےہیں، چور کی داڑھی میں تنکا نہیں جھاڑو ہے، وزیراعظم اور ان کے وزراء کی طرف انگلیاں اٹھانے کے ذمہ دار وہ خود ہیں کیونکہ مجرم خود کو بچانے کیلئے دوسروں کی طرف اشارے کرتا ہے۔مشیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ وفاقی وزیرکو اتنےعرصے بعد خیال آیا کہ اجلاس میں دیگر لوگ بھی شریک تھے، اتنے عرصے تک انہیں دیگر لوگوں کی طرف انگلیاں اٹھانے کا خیال کیوں نہیں آیا۔
تازہ ترین