• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو کی ہمہ گیر حیثیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،عالمی کانفرنس کا آغاز

کراچی (اختر سعیدی/اسٹاف رپورٹر) برصغیر کے ممتاز نقاد اور دانشور، پروفیسر شمیم حنفی نے کہا ہے کہ دنیا کو سمجھنے اور سمجھانے کا بنیادی وسیلہ، ادب ہے، ادب کو سرحدوں کا پابند نہیں کیا جاسکتا، اردو، کسی فرقے، مذہب یا قوم کی زبان نہیں، اس کی ہمہ گیر حیثیت کو نظر انداز نہیںکیا جاسکتا، ان خیالات کا اظہار انہوںنے آرٹس کونسل کی نویںچار روزہ عالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر دہلی سے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کیا، مجلس صدارت کے ارکان میں مشتاق احمد یوسفی، زہرا نگاہ، اسد محمد خان، پروفیسر سحر انصاری، ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی، امداد چشتی، ٓائی اے رحمان، رضا علی عابدی، حسینہ معین، نور الہدیٰ شاہ، زاہدہ حنا، فہمیدہ ریاض، ڈاکٹر فاطمہ حسن، فہمیدہ حسین اور ڈاکٹر آصف اسلم فرخی شامل تھے۔ آرٹس کونسل کی اعزازی سیکریٹری ڈاکٹر ہما میر نے نظامت کی، چئیرمین عالمی اردو کانفرنس سید محمد احمد شاہ نے خطبہ استقبالیہ اور صدر، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے کلمات تشکر اداکیے۔ پروفیسر شمیم حنفی نے کہا کہ اردو ایک زبان ہی نہیں، ایک طرز حیات ہے، زبانیں پھر انسان کی طرف سفر کرتی ہیں، انہوںنے کہا کہ آرٹس کونسل کی عالمی اردو کانفرنس نے پوری دنیا میںدھوم مچائی ہوئی ہے میںہر کانفرنس میںشریک رہا، لیکن اس مرتبہ نہ آنے کا شدید قلق ہے، ’’ہمارا ادب اور ہماری دنیا‘‘ کے موضوع پر داکٹر آصف اسلم فرخی نے کلیدی مقالہ پیش کرتے ہوئے شاعری، افسانہ، ناول، تنقید اور تحقیق کے حوالے سے اہم سوالات اٹھائے۔ ڈاکٹر پیر زادہ قاسم نے کہا کہ اردو قومی ہم آہنگی کا واحد اشاریہ ہے، اس کانفرنس نے ہمیں اپنے ادب اور زبان سے جوڑ دیا ہے۔ پروفیسر سحر انصاری نے کہا کہ اردو، مختلف زبانوں کا ایک گلدستہ ہے، اس کی حفاظت کرنا، ہم سب کی ذمے داری ہے، نور الہدیٰ شاہ نے کہا کہ میں آرٹس کونسل کے ارباب بست و کشاد کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوںکہ وہ گزشتہ 9برس سے کانفرنس کا اہتمام کررہے ہیں۔ سید محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہر زبان، ایک تہذیب کو جنم دیتی ہے، اردو نے بھی ایک تہذیب کو جنم دیا ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میںشاعروں، ادیبوں، دانشوروں، صحافیوں، ممبران آرٹس کونسل کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین